دھرم شالہ،28مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز میں ہوا تنازعہ اب میدان کے باہر تک پہنچ چکاہے۔ سیریز کے دوران آسٹریلوی کھلاڑیوں کے رویے سے دلبرداشتہ کوہلی نے آج پریس کانفرنس میں بڑا بیان دیا ہے۔وراٹ کوہلی سیریز کے دوران ٹیم آسٹریلیا اور وہاں کی میڈیا کی جانب سے مسلسل نشانہ بنائے جانے کی وجہ سے مجروح نظر آ رہے ہیں اور انہوں نے سیریز جیتنے کے بعد پریس کانفرنس میں یہ کہہ کر چونکا دیا کہ اب آسٹریلوی کھلاڑیوں کے ساتھ اچھا برتاؤ نہیں رہے گا، اب ہو سکتا ہے کہ آئی پی ایل پر بھی اس تنازعہ کے سایہ پڑے۔وراٹ کوہلی نے کہا کہ نہیں، اب یہ یقینی طور پر بدل گیا ہے، مجھے لگتا ہے کہ یہ صورت حال پہلے تھی لیکن اب بالکل بھی ویسی نہیں رہی، میں نے ابتدائی دور میں تند بحث کے درمیان جو کہا تھا، وہ اس لیے تھا کیونکہ آپ مسابقتی ہونا چاہتے ہیں، لیکن میں غلط ثابت ہوا، میں نے پہلے ٹیسٹ سے پہلے جو باتیں کہیں تھیں، وہ مکمل طور پر غلط ثابت ہوئیں اور مجھے ایسا کہتے ہوئے دوبارہ نہیں سنا جائے گا۔
جب وراٹ سے آسٹریلوی میڈیا کی جانب سے نشانہ بنائے جانے کو لے کر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ وہ اس کی پرواہ نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں کا کام ہی سنسنی پھیلانا ہے۔انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ دنیا کے ایک کونے میں بیٹھ کر نفرت پھیلانا چاہتے ہیں، انہیں خود ان حالات کا سامنا نہیں کرنا پڑتا، یہ سب سے آسان کام ہوتا ہے کہ گھر بیٹھ کر بلاگ لکھ ڈالو یا مائیک پر بولو لیکن میدان میں اتر کر کھیلنا کافی مشکل ہے۔
ادھر ہندوستان کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں 2۔1 سے شکست کا سامنا کرنے کے بعد آسٹریلوی کپتان ا سٹیو سمتھ نے اپنے نامناسب رویے کے لئے ہندوستان سے معافی مانگی ہے۔اسٹیو سمتھ نے کہا کہ کئی بار ہم خود میں کھوئے رہتے ہیں اور پھر جذبات میں بہہ کر ایسی غلطی ہو جاتی ہے، کل ہوئی غلطی کے لئے میں معافی مانگتا ہوں۔